پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سولر نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کم قیمت پر خریدنے کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ نیٹ میٹرنگ صارفین کے نرخوں پر غور کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا تھا، تاہم اجلاس میں بجلی کے نرخوں میں کمی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس وقت نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر صارفین سے بجلی 22 روپے فی یونٹ کے حساب سے خریدی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، جون 2025 میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یہ نرخ 10 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کی منظوری دی تھی، مگر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کے بعد وزیراعظم نے فیصلہ مؤخر کر دیا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں نیٹ میٹرنگ کے 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچنے اور سسٹم کے استحکام کو خطرات سے متعلق خدشات کے بعد یہ معاملہ دوبارہ زیرِ غور آیا ہے، تاہم حکومت نے تاحال کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا۔









