پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی خصوصی پنک تھیم کٹ متعارف کرادی گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کیخلاف 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں پہلے ٹی 20 میچ میں قومی کھلاڑی پنک جرسی پہن کر بریسٹ کینسر آگاہی مہم میں حصہ لیں گے۔
امپائرز، عملہ اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر اس مہم کی حمایت کریں گے۔
پی سی بی کے سی ای او سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ ہم کرکٹ کی مقبولیت کو معاشرتی آگاہی کیلئے استعمال کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، بروقت تشخیص بے شمار جانیں بچا سکتی ہے۔
میچ میں استعمال ہونے والے سٹمپس پر بھی پنک برانڈنگ ہوگی جبکہ میدان کے اطراف اس حوالے سے آگاہی پیغامات دکھائے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پی سی بی نے کسی بین الاقوامی میچ میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم کو شامل کیا ہے۔
اس سے قبل "پنک ڈے" ایونٹس صرف پی ایس ایل کے دوران منعقد کیے جاتے تھے
سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بالترتیب 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا جب کہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔









