116

وائی فائی کے کمزور سگنلز یا ڈیٹ اسپاٹس کے مسئلے سے نجات دلانے میں مددگار طریقے

آپ لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ یا اسمارٹ فون استعمال کر رہے ہیں اور گھر کے اندر کسی ایک سے دوسرے کمرے میں جاتے ہیں تو وائی فائی سگنل اچانک گھٹ جاتے ہیں، یہ منظر سنا سنا محسوس ہوتا ہے ناں؟

اس کی ایک وضاحت ہے اور وہ ہے وائی فائی ڈیڈ اسپاٹ۔

ہر گھر میں ایسی جگہیں موجود ہوتی ہیں جہاں وائی فائی سگنل اچانک ہی غائب ہو جاتے ہیں جو کہ جھنجھلاہٹ کا شکار کرتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب آپ ان جگہوں پر زیادہ وقت گزرتے ہیں۔

اچھی بات یہ ہے کہ وائی فائی ڈیڈ اسپاٹس کا مسئلہ حل کرنا زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔

ماہرین کے مطابق ڈیڈ اسپاٹس کا سامنا وائی فائی راؤٹر سے فاصلے، دیواروں یا فرنیچر کی رکاوٹوں، دیگر برقی مصنوعات کی مداخلت، راؤٹر کو ٹھیک طرح نہ لگانے یا ان سب عناصر کے امتزاج کے باعث ہوتا ہے۔

مگر آپ چند آسان طریقوں سے اس مسئلے کو حل کرسکتے ہیں۔

سب سے پہلے تو وائی ڈیڈ اسپاٹس کو دریافت کریں

گھر کے اردگرد گھوم کر آپ آسانی سے اندازہ لگاسکتے ہیں کہ کن مقامات پر وائی فائی سگنل گھٹ جاتے ہیں یا بالکل ہی غائب ہو جاتے ہیں۔

اسی طرح اسپیڈ ٹیسٹ کے ذریعے بھی ان مقامات کے بارے میں جاننا ممکن ہوتا ہے۔

آسان حل آزمائیں

جب وائی فائی ڈیڈ اسپاٹس کو نشاندہی ہو جائے تو ہوسکتا ہے کہ آپ کو حیرت ہو کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔

اس حوالے سے دیواریں اہم کردار ادا کرتی ہیں جو وائی فائی راؤٹر اور ڈیوائسز کے درمیان حائل ہوکر سگنلز کو گھٹا دیتی ہیں۔

فرنیچر، دھاتی مصنوعات، دیگر وائی فائی آلات اور کئی بار تو مچھلی گھر بھی وائی فائی سگنلز کو جذب یا ان کی کوریج میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

اس کا ایک حل تو یہ ہے کہ راؤٹر کی پوزیشن کو تبدیل کر دیں اور کوشش کریں کہ اسے گھر کے وسط میں دیواروں سے دور اور زمین سے کچھ فٹ اوپر نصب کریں۔

ایک اور طریقہ راؤٹر کے انٹینا کو ایڈجسٹ کرنا ہے۔

اگر اس میں 2 انٹینا ہیں تو ایک کا رخ اوپر اور ایک کا نیچے کی جانب کر دیں تاکہ تمام ڈیوائسز کے لیے مثالی وائی فائی سگنلز کی رسائی ممکن ہوسکے۔

ایک اور طریقہ راؤٹر کو ری بوٹ کرنا ہے جو کہ ایک سادہ مگر مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

کسی کمپیوٹر یا فون کی طرح ایک راؤٹر کو بھی کبھی کبھار ری بوٹ کرنے سے فائدہ ہوتا ہے کیونکہ اس عمل سے cache کلیئر، اندرونی مسائل کو ٹھیک کرنے اور پراسیس کو ری اسٹارٹ کرنے میں مدد ملتی ہے۔

آپ راؤٹر کے سوئچ کو نکال کر 30 سیکنڈ انتظار کریں اور پھر سوئچ لگا کر آن کر دیں۔

اکثر 90 فیصد مسائل راؤٹر کو ری بوٹ کرنے سے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

ایک آخری حل راؤٹر کو فیکٹری سیٹنگز پر ری سیٹ کرنا ہے۔

اگر ری بوٹ کرنے سے مسئلہ حل نہ ہو تو راؤٹر کو فیکٹری سیٹنگز پر ری سیٹ کر دیں۔

ایسا راؤٹر میں ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے لاگ ان ہوکر کیا جاسکتا ہے۔

آپ یہ کام کسی پیپر کلپ سے راؤٹر کے بیک پر موجود ری سیٹ اوپننگ سے بھی کرسکتے ہیں۔