ابھرتی ہوئی اداکارہ ونیزہ ستار نے کہا ہے کہ ڈپریشن سے نکلنے کے لیے ادویات نہیں لینی چاہئیں، ہم مسلمان ہیں اور اللہ کے قریب رہنے سے آہستہ آہستہ ڈپریشن سے خود ہی نجات مل جاتی ہے۔
ونیزہ ستار نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا محبت میں دل ٹوٹ چکا ہے اور دل ٹوٹنے کا حسن سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ دل توڑنے والا یہ نہیں دیکھتا کہ اگلا شخص حسین ہے یا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل وقت تھا، لیکن انہوں نے کبھی بھی جو کچھ ان کے ساتھ ہوا اس کے لیے خود کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا اور اب وہ زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں اور ان کی توجہ مکمل طور پر اپنے کیریئر پر مرکوز ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ دل شکستگی نے انہیں افسردگی کی حالت میں ڈال دیا تھا، جس کی وجہ سے وہ دنیا سے دور ہو گئیں، دو سال تک لوگوں سے نہیں ملیں اور نہ ہی کسی سے بات چیت کی۔
ونیزہ ستار کے مطابق اس مشکل صورتِ حال سے نکلنے کے لیے انہوں نے اپنے خاندان کے قریب وقت گزارا اور اللہ کے قریب ہوئیں، جس نے ان کی بہت مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ اسی طریقے سے وہ اپنی حالت سے باہر آئیں اور اس سے بہتر کوئی علاج نہیں ہو سکتا۔
اداکارہ نے زور دیا کہ ایسی صورتِ حال سے نکلنے کے لیے دواؤں کا استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ہم مسلمان ہیں اور مسلمانوں کو اللہ پر پختہ یقین ہوتا ہے۔
ان کے مطابق اللہ کے قریب ہونے سے آہستہ آہستہ ڈپریشن سے خود ہی نجات مل جاتی ہے۔
ونیزہ ستار نے یہ بھی وضاحت کی کہ ان کے ڈپریشن کی اصل وجہ صرف دل ٹوٹنا نہیں تھا، بلکہ ایک غلط فیصلہ اور دورانِ اس مشکل وقت کچھ قریبی عزیزوں کا دنیا سے رخصت ہو جانا بھی اس کی بڑی وجوہات تھیں، جو مل کر ڈپریشن کی بنیاد بن گئیں۔









