37

یوگنڈا میں بسوں کا ہولناک تصادم، کم از کم 63 افراد ہلاک

یوگنڈا کے مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک پر دو بسوں کے درمیان خوفناک تصادم میں کم از کم 63 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

حادثے کی ابتدائی تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ کمپالا اور شمالی شہر گولو کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا۔

یوگنڈا پولیس فورس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ دونوں بسیں مخالف سمتوں سے آ رہی تھیں اور ایک لاری اور ایک ایس یو وی گاڑی کو تیز رفتاری میں اوورٹیک کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

اوورٹیکنگ کے دوران دونوں بسیں آمنے سامنے آ گئیں، جس کے نتیجے میں شدید تصادم ہوا اور 63 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد تصادم کا شکار ہونیوالی ان دو بسوں کے مسافر تھے۔

مقامی ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد کئی زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

یوگنڈا میں سڑکوں کی خستہ حالی، گاڑیوں کی غیر محتاط ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث مہلک حادثات عام ہیں۔

مقامی حکام نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔