طورخم بارڈر کی بندش کے باعث پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں پشاور میں پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق انگور کی فی کلو قیمت 400 روپے سے بڑھ کر 800 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ انار کی قیمت 300 سے بڑھ کر 600 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح سیب کی فی کلو قیمت بھی دوگنی ہو کر 200 سے 400 روپے تک جا پہنچی ہے۔
تجارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بارڈر بندش کی وجہ سے پھلوں کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن تجارتی راستہ ابھی تک بند ہے۔
تاجروں اور صارفین کی امید ہے کہ جلد از جلد طورخم بارڈر کو کھولا جائے گا تاکہ پھلوں اور دیگر اشیاء کی قیمتیں معمول پر آ سکیں اور تجارت بحال ہو سکے۔ اس کشیدگی سے عوام کو خاصا مالی نقصان پہنچ رہا ہے اور مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔









