156

7 منٹ میں چوری: فرانس کے تاریخی میوزیم کی سیکیورٹی نا کام

فرانس کے مشہور زمانہ لوور میوزیم سے چور 7 منٹ کے اندر اندر قیمتی اور نایاب شاہی زیورات چرا کر موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، جبکہ حکام نے اسے ایک "منصوبہ بند اور ماہر کارروائی" قرار دیا ہے۔

فرانسیسی وزیر داخلہ لوراں نونیز نے ایک ریڈیو انٹرویو میں بتایا کہ یہ واردات 19 اکتوبر کی صبح پیش آئی جب 3 سے 4 چوروں پر مشتمل گروہ پیرس کے قلب میں واقع لوور میوزیم کے اپولو روم میں داخل ہوا۔ یہ کمرہ فرانسیسی شاہی خاندان کے انمول زیورات اور نایاب نوادرات کے لیے مشہور ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق چوروں نے عمارت میں داخل ہونے کے لیے باہر سے ایک ایلیویٹر اور کھڑکی کا استعمال کیا اور مخصوص زیورات کو نشانہ بنایا۔ ایک زیور کا ٹکڑا بعد ازاں میوزیم کے قریب سے برآمد ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جلد بازی میں ایک شے گر گئی تھی۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چوری شدہ اشیاء کی مکمل فہرست مرتب کی جا رہی ہے، تاہم ان زیورات کی تاریخی اور ثقافتی قیمت کا اندازہ ممکن نہیں۔ حکام کے مطابق چور کارروائی کے بعد موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔

وزیر داخلہ نونیز نے کہا:

"یہ بہت واضح ہے کہ یہ ایک تربیت یافتہ اور ماہر گروہ تھا، جس نے پہلے سے جگہ کی مکمل نگرانی کی اور انتہائی برق رفتاری سے کارروائی کی۔"

فرانسیسی وزیر ثقافت راشیڈہ داتی نے اس بات کی تصدیق کی کہ میوزیم 19 اکتوبر کو بند رکھا جائے گا تاکہ سکیورٹی حکام شواہد اکٹھے کر سکیں۔

پیرس کے وسطی علاقے کے میئر ایریل ویل نے کہا کہ:یہ ایک نہایت منظم اور حیران کن چوری ہے، ہمیں یاد نہیں کہ پچھلی دہائی میں کبھی لوور کو اس قسم کے واقعے کا سامنا ہوا ہو۔"

یاد رہے کہ اس سے قبل 1911 میں مشہور پینٹنگ ‘مونا لیزا’ کو بھی لوور میوزیم سے چرایا گیا تھا، جو بعد میں بازیاب ہوئی۔

سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حکام پرامید ہیں کہ جلد ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ زیورات کو بازیاب کر لیا جائے گا