سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ اب 10 سال سے کم عمر بچوں کو کسی بالغ کے بغیر گاڑی میں اکیلا چھوڑنا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی شمار ہوگا اور اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
محکمہ ٹریفک کے مطابق اس قانون کے تحت 10 سال سے کم عمر بچوں کو گاڑی میں تنہا چھوڑنے پر 300 ریال سے 500 ریال تک جرمانہ ٹھہرایا جا سکتا ہے۔ حکام نے زور دیا ہے کہ بچوں کی حفاظت والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کی ذمہ داری ہے اور انہیں گاڑی میں اکیلا چھوڑنا بچوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ٹریفک حکام نے عوام سے کہا ہے کہ سفر کے دوران بچوں کی حفاظت کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات کئے جائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ حکام نے مزید کہا کہ ان سزاؤں کا مقصد سماجی شعور بیدار کرنا اور انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔
متعلقہ حکام نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ معیاری چائلڈ سیٹ استعمال کریں، گاڑی میں بچوں کی نگرانی یقینی بنائیں اور کسی بھی موقع پر بچوں کو اکیلا نہ چھوڑیں تاکہ غیر ضروری حادثات سے بچا جا سکے۔









