وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے پارکنگ ایریا سے ایک لاکھ امریکی ڈالرز برآمد کر لیے ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے الزام میں اسامہ عابد اور محمود بٹ نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی کرنسی کی مالیت تقریباً دو کروڑ اسی لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے نے ملزمان کے موبائل فونز اور دیگر غیر قانونی لین دین کے شواہد بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔









