پاکستان اور افغان طالبان عارضی جنگ بندی پر چین کا خیر مقدم،ترجمان چینی وزارتِ خارجہ لن جیان نے کہا فیصلہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے عین مطابق ہے۔
لن جیان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے عارضی جنگ بندی پر عمل درآمد کرنے اور تعمیری مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کرنے کا فیصلہ کیا ہے,یہ فیصلہ علاقائی امن و استحکام کیلئے فائدہ مند ہو گا۔
ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ چین اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے ،پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے دوستانہ ہمسایہ ممالک ہیں، یہ ایسے ہمسائے ہیں جنہیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین دونوں ممالک کی تحمل و بردباری برقرار رکھنے، جامع اور دیرپا جنگ بندی حاصل کرنے، اور بات چیت و مشاورت کے ذریعے اختلافات کے حل کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا چین اس بات پر زور دیتا ہے کہ دونوں ممالک سیاسی حل کے راستے پر واپس آئیں۔
ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ امید ہے پاکستان اور افغانستان اپنے اور خطے کے امن و استحکام کو مشترکہ طور پر برقرار رکھیں گے
لن جیان نے کہا کہ چین اس عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری اور ترقی لائی جا سکے۔









