گوگل کے نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ویژول ماڈل جیمنائی 2.5 فلیش جسے نانو بنانا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو اب استعمال کرنا زیادہ آسان ہو جائے گا۔
درحقیقت اب اسے استعمال کرنے کے لیے جیمنائی ایپ میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ گوگل سرچ، نوٹ بک ایل ایم اور گوگل فوٹوز میں استعمال کیا جاسکے گا۔
گوگل کو توقع ہے کہ صارفین جن ٹولز کو پہلے ہی استعمال کرتے ہیں، ان میں جنریٹیو اے آئی ماڈل کو شامل کرنے سے صارفین کو زیادہ مدد ملے گی۔
گوگل سرچ میں نانو بنانا گوگل لینس اور اے آئی موڈ میں نظر آئے گا۔
ان دونوں ٹولز میں Create ٹیب پر کلک کرکے آپ فون کو کسی چیز کی جانب کریں، کسی تصویر کو سلیکٹ کریں یا ایک فوٹو کو اپ لوڈ کریں اور پھر اے آئی کو اپنی مرضی کے مطابق تصویر بنانے کی ہدایت کریں۔
اس سے ہٹ کر آپ صرف تحریری ہدایات دے کر بھی اے آئی موڈ کو تصاویر کی تیاری کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
نوٹ بک ایل ایم میں نانو بنانا پس منظر میں کام کرکے ویڈیو اوور ویو ٹول کو زیادہ بہتر بناتا ہے جو ڈاکومنٹس کو وضاحتی ویڈیو میں تبدیل کرنے کا کام کرتا ہے۔
گوگل کے مطابق اب تک نانو بنانا کی مدد سے 5 ارب سے زائد تصاویر تیار کی جاچکی ہیں۔
یہ اے آئی ٹول ایسے تسلسل کو برقرار رکھتا ہے جو لوگ پسند کرتے ہیں، یعنی چہرے کی تفصیلات، اشیا کے لے آؤٹ اور اسٹائل کو مختلف تصاویر میں برقرار رکھتا ہے۔
یقیناً کئی بار یہ مثالی کام نہیں کرتا اور تحریری ہدایات کو سمجھ نہیں پاتا یا غلطیاں کرتا ہے، مگر بیشتر صارفین کی نظر میں اس کی تصاویر تیار کرنے کی رفتار اور ان کا انداز اسے زیادہ قابل قبول بناتا ہے۔
گوگل کے مطابق نانو بنانا کو توسیع دینے کا عمل جاری رکھا جائے گا اور جلد گوگل فوٹوز میں بھی اس اے آئی ماڈل تک رسائی دی جائے گی۔








