113

لاہور ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے پاکستان کے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں پر 51 رنز بنالیے

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا اور  مہمان ٹیم نے پاکستان کے 277 رنز کے ہدف کے جواب میں 2 وکٹوں پر 51 رنز بنالیے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ لاہور میں جاری ہے۔ جہاں پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز اسکور کیے، جواب میں مہمان ٹیم 269 رنز بناسکی۔

 پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم کو 277 رنز کا ہدف ملا ۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنالیے اور اسے میچ جیتنے کیلئے مزید 226 رنز درکار ہیں۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ایڈن مارکر 3  اور ویان مولڈر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ریان ریکلٹن 29 اور زورزی 16 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

پاکستان کی جانب سےدونوں وکٹیں نعمان علی نے حاصل کیں۔

پاکستان کی دوسری اننگز

جنوبی افریقا کے خلاف کھیل کے تیسرے دن پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز ہی بناسکی تھی۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 93 رنز بنالے والے اوپننگ بیٹر امام الحق اس مرتبہ جلدی آؤٹ ہوئے، وہ سیموون ہارمر کی گیند پر باہر نکل کر روکنا چاہ رہے تھے مگر کامیاب نہ ہوسکے اور اسٹمپس ہوگئے جب کہ پہلی اننگز میں 76 رنز بنانے والے کپتان شان مسعود صرف 7 رنز کا اضافہ کرسکے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے مجموعے پر گری اور عبداللہ شفیق 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ 119 کے مجموعے پر بابراعظم 42 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

کریز پر موجود سعود شکیل بھی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور 150 کے مجموعے پر 38 رنز پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی۔

محمد رضوان بھی 14 رنز پر بولڈ ہوگئے، رضوان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی کچھ نہ کرسکے اور 151 کے مجموعے پر صفر پر چلتے بنے۔

بعد ازاں آغا سلمان 4، نعمان علی 11، ساجد خان ایک رن بناسکے اورپاکستان کی پوری ٹیم 167 کے مجموعے پر ڈھیر ہوگئی۔