51

بالاج قتل کیس: مرکزی ملزم طیفی بٹ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، ورثا کے حوالے

بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم طیفی بٹ کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رحیم یار خان کے ضلعی اسپتال میں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، لاش کو ورثا لاہور کے علاقے گلبرگ نصیر آباد لے آئے ہیں، جہاں آخری رسومات کی تیاریاں جاری ہیں۔

اس سے قبل، پولیس کا کہنا تھا کہ طیفی بٹ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، طیفی بٹ کو دبئی سے کراچی لایا گیا تھا، اور وہاں سے لاہور منتقل کیا جا رہا تھا۔

تاہم، جب گاڑی صادق آباد کے علاقے کوٹ سبزل پہنچی تو اچانک ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ طیفی بٹ کو ان کے ساتھی چھڑوانے کی کوشش کر رہے تھے، اسی دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے جان کی بازی ہار گیا۔

یاد رہے کہ طیفی بٹ کا نام امیر بالاج قتل کیس میں بطور مرکزی ملزم سامنے آیا تھا، جس کے بعد سے وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ اس کیس نے ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل کو جنم دیا تھا۔

پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ فائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔