93

میرا تخلیق کردہ ڈراما مجھ سے چھین لیا گیا: شمعون عباسی کا حیران کن انکشاف

معروف اداکار اور ہدایت کار شمعون عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ مقبول ڈراما سیریل ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کی کہانی، عنوان اور تصور دراصل ان کی اپنی تخلیق ہے، تاہم اسے ان کی اجازت یا مکمل شمولیت کے بغیر تبدیل کر کے پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شمعون عباسی نے حالیہ دنوں میں ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ آئیڈیا پہلے ایک قریبی دوست کو سنایا، جس نے بعد میں اسے تحریری شکل دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈراما سیریل کے ابتدائی مراحل میں وہ خود اس کی ہدایت کاری کے خواہشمند تھے، تاہم بعد میں یہ موقع کسی اور کو دے دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اس منصوبے پر چھ ماہ تک انتظار کرتے رہے لیکن پھر انہیں علم ہوا کہ ہدایت کاری کے لیے کسی اور کا انتخاب کیا جا چکا ہے، اور بعد میں بطور "معاوضہ" انہیں کسی دوسرے پراجیکٹ کی پیشکش کی گئی جو کبھی عملی شکل اختیار نہ کر سکی۔

شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ ان کا اصل آئیڈیا فینٹسی اور وِنٹیج طرز کا تھا، جس میں خاص قسم کا سیٹ اپ، روشنی، اور ماحول ہونا چاہیے تھا، کچھ ویسا ہی جیسا کہ ’لارڈ آف دی رنگز‘ جیسی فلموں میں دکھایا جاتا ہے۔ تاہم، ان کے مطابق پروڈکشن ٹیم نے اس تخیل کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈرامے کے لکھاری سید نبیل ان کے قریبی دوست ہیں اور وہ اچھا کامیڈی سین تحریر کر سکتے ہیں، لیکن مکمل اسکرپٹ ان کی رہنمائی کے بغیر لکھنا مشکل ہوتا ہے۔ شمعون کے بقول، دورانِ تحریر اکثر انہیں کال کر کے سینز بدلوانے پڑتے تھے۔

کاسٹنگ کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے ذہن میں مرکزی کرداروں کے لیے مختلف اداکار تھے۔ مثلاً بڑے بھائی کے کردار کے لیے سید جبران، "جن" کے کردار کے لیے ثاقب سمیع، "خوشی" کے لیے سجل علی، وہاج علی کے کردار کے لیے علی رضا، اور تمکینت کے لیے مزنہ وقاص جب کہ نادیہ افگن کی جگہ گلِ رانا کو منتخب کرنے کا ارادہ تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چینل سجل علی اور احد رضا میر دونوں کو کاسٹ کرنا چاہتا تھا، تاہم انہیں بتایا گیا کہ اگر سجل شامل ہوں گی تو احد نہیں ہو سکتے، اور اگر احد شامل ہوں گے تو سجل نہیں۔ بعد ازاں، پوری کاسٹ تبدیل کر دی گئی جسے شمعون عباسی نے ایک "غیر یقینی" فیصلہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ احد رضا میر اور سجل علی نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی، تاہم مارچ 2022 میں ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں منظر عام پر آئیں، جن کی حالیہ دنوں میں تصدیق بھی ہو چکی ہے۔