81

گوگل میپس میں جیمنائی اے آئی اسسٹنٹ کی انٹری

گوگل اپنی سروسز میں گوگل اسسٹنٹ کی جگہ نئے جیمنائی اے آئی اسسٹنٹ کو شامل کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام کر رہا ہے، اور اب لگتا ہے کہ گوگل میپس نیویگیشن میں یہ تبدیلی جلد سامنے آ سکتی ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق، گوگل میپس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں جیمنائی اسسٹنٹ کی موجودگی دیکھی گئی ہے۔ اس تجرباتی ورژن میں صارفین کو نیویگیشن انٹرفیس میں روایتی گوگل اسسٹنٹ کی جگہ جیمنائی کا استعمال کرتے ہوئے پایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، جب صارف گوگل میپس کے نیویگیشن انٹرفیس میں اوپری دائیں کونے پر موجود مائیکروفون آئیکون پر کلک کرتا ہے تو بظاہر تو وہ گوگل اسسٹنٹ ہی لگتا ہے، مگر کلک کرنے پر جیمنائی کا مخصوص ’اسپارک‘ آئیکون ظاہر ہو جاتا ہے، جو اس نئے اے آئی اسسٹنٹ کی فعالیت کی نشاندہی کرتا ہے۔

جیمنائی اسسٹنٹ گوگل اسسٹنٹ کے مقابلے میں زیادہ ذہین اور صارف کی ہدایات پر بہتر ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر، آپ اس سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ایسے راستے تجویز کرے جہاں ٹول ٹیکس نہ دینا پڑے، اور وہ یہ کام خود بخود انجام دے گا۔

اس کے علاوہ، جیمنائی نیویگیشن کے دوران بھی عمومی سوالات کے جوابات دے سکتا ہے، جیسے موسم کی تازہ صورتحال یا کسی مقام کے بارے میں تفصیلات۔

ایپ میں ایک بار جیمنائی کو ان ایبل کرنے کے بعد، صارفین کو جیمنائی اسسٹنٹ سے متعلق سیٹنگز کو اپنی مرضی سے تبدیل کرنے کا آپشن بھی دیا جائے گا۔

فی الحال یہ فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں، تاہم توقع ہے کہ مستقبل قریب میں گوگل کی جانب سے اسے باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا جائے گا۔