64

قومی پولیو مہم کل سے 159 اضلاع میں شروع ہوگی

ملک بھر میں قومی پولیو مہم کا آغاز کل سے ہو رہا ہے، جو 13 سے 19 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

مہم کے دوران بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی تاکہ ان کی مجموعی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔

نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔

ادارے کے مطابق جنوبی خیبرپختونخوا کے مخصوص علاقوں میں پولیو مہم 20 تا 23 اکتوبر کو چلائی جائے گی، تاکہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامی وجوہات کے تحت بچوں تک موثر رسائی ممکن بنائی جا سکے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 سال تک کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اور 15 ماہ تک کی عمر کے بچوں کا حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروائیں تاکہ بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔