190

بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں فارم بدستور خراب، ایک اور ناکام اننگز

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم کی ٹیسٹ فارمیٹ میں خراب کارکردگی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں جاری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں وہ صرف 23 رنز بنا کر سائمن ہارمر کا شکار بنے۔

اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو بابر اعظم نے اپنی آخری 27 ٹیسٹ اننگز میں محض تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، جب کہ ان کی آخری سنچری دسمبر 2022 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے درمیان جنوبی افریقا کے دورے میں انہوں نے قدرے بہتری دکھاتے ہوئے تین نصف سنچریاں اسکور کیں، تاہم اس سے قبل وہ مسلسل 19 اننگز میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

رواں سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز میں بھی بابر اعظم کا بلا خاموش رہا، جہاں وہ مجموعی طور پر صرف 45 رنز بنا سکے تھے۔

بابر اعظم کی مسلسل ناکامیوں پر سابق کرکٹرز اور ماہرین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جب کہ شائقین کرکٹ ایک بار پھر ان سے بڑی اننگز کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔