گھر یا دفتر میں سیڑھیوں کا استعمال کرنا اکثر معمولی محسوس ہوتا ہے مگر درحقیقت یہ کسی ورزش سے کم نہیں۔
اس حوالے سے کافی تحقیقی کام ہوا ہے مگر عموماً اس بات پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ سیڑھیاں اترنے سے بھی صحت کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے؟
اگر آپ کو سیڑھیاں چڑھنا مشکل محسوس ہوتا ہے تو اچھی بات یہ ہے کہ لفٹ کی جگہ سیڑھیاں اترنے سے بھی صحت کو فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ چڑھنے کے مقابلے میں سیڑھیوں سے اترنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔
اگر آپ فٹ رہنا چاہتے ہیں تو سیڑھیاں اترنے کو عادت بنالیں، جس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔
کیلوریز جلانے میں مدد ملتی ہے
سیڑھیاں اترنے سے کیلوریز کو جلانے میں مدد ملتی ہے۔
اگر آپ 5 منٹ تک سیڑھیاں اترتے ہیں تو 25 کیلوریز کو جلایا جاسکتا ہے۔
اس طرح یہ عادت بتدریج جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
دل کی شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہے
سیڑھیاں اترنے کو معمول بنانے سے دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
اس عادت سے امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
جسمانی توازن بہتر ہوتا ہے
سیڑھیاں اترنے سے جسمانی توازن بھی بہتر ہوتا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ سیڑھیاں اترنے کے لیے ٹانگیں اور جسم کا درمیانی حصہ متحرک ہوتا ہے۔
گھٹنوں کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے
اگر آپ کو جوڑوں کے مسائل کا سامنا نہیں تو سیڑھیاں اترنے سے گھٹنوں کی مضبوطی بہتر ہوتی ہے۔
اسی طرح ٹخنوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے جبکہ گھٹنوں کی انجریز کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
اس ورزش سے گھٹنوں کے اردگرد کے مسلز مضبوط ہوتے ہیں جس سے گھٹنوں کی تکلیف سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔









