149

مارک زکربرگ کس ڈیوائس کی مدد سے اسمارٹ فونز کا عہد ختم کرنا چاہتے ہیں؟

اگر آپ کے اندر اسمارٹ فون کی اسکرین کو بار بار دیکھنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے اور خود کو روکنا ممکن نہیں ہوتا، تو میٹا نے اس کا حل اسمارٹ گلاسز کی شکل میں پیش کیا ہے۔

گزشتہ دنوں میٹا کنکٹ 2025 کانفرنس کے موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کہا کہ 'میرے خیال میں ہم کسی حد تک فونز میں گم ہوگئے ہیں اور ہمیں گلاسز سے زندگی میں واپس آنے کا موقع ملے گا'۔

مگر حقیقت تو یہ میٹا اپنے ہارڈوئیر کو اسمارٹ فونز کی جگہ پیش کرنا چاہتی ہے۔

درحقیقت مارک زکربرگ طویل عرصے سے چاہتے ہیں کہ اسمارٹ گلاسز فونز کا متبادل ثابت ہوں۔

میٹا رے بین ڈسپلے نامی اسمارٹ گلاسز کے بارے میں کمپنی کو توقع ہے کہ ایک دن یہ ڈیوائس اسمارٹ فونز کا عہد ختم کر دے گی۔

میٹا رے بین آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اسسٹنٹ، کیمروں، اسپیکرز اور مائیکرو فونز سے لیس ہے جبکہ اس میں موجود ڈسپلے پر میٹا ایپس جیسے انسٹا گرام، واٹس ایپ اور فیس بک کو استعمال کیا جاسکتا ہے، اسی طرح راستوں کو تلاش کرنے یا لائیو ٹرانسلیشن کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اسمارٹ گلاسز کو میٹا نیورل بینڈ کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جو کہ کمپنی کا ایسا بینڈ ہے جو سرفیس الیکٹرو مائیو گرافی استعمال کرتا ہے جو دماغ اور ہاتھوں کے سگنل کو شناخت کرکے مختلف کام کرتا ہے۔

اس بینڈ کی بدولت آپ اسمارٹ گلاسز پر ٹیکسٹ میسجز تحریر کرکے بھیج سکتے ہیں، بس انگلیوں کو اس طرح پکڑیں جیسے وہ قلم ہوں اور ٹیکسٹ تحریر کر دیں۔

مارک زکربرگ کے مطابق اس طرح آپ فی منٹ 30 الفاظ تحریر کرسکتے ہیں جبکہ ایک ٹچ اسکرین اسمارٹ فون پر فی منٹ 36 الفاظ تحریر کیے جاسکتے ہیں۔

میٹا رے بین ڈسپلے میں موجود ٹیکنالوجی وائس کمانڈ کے بغیر بھی آپ کے ٹیکسٹ انٹرفیس کو کام کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

میٹا کی جانب سے نیورل بینڈ کی ٹیکنالوجی پر 2021 سے کافی سرمایہ لگایا گیا ہے اور پروٹوٹائپ اے آر گلاسز اورین بھی تیار کیے ہیں۔

ایپل اور گوگل کی طرح میٹا بھی ایسے ممکنہ مستقبل کے لیے تیار ہو رہی ہے جہاں اسمارٹ گلاسز اسمارٹ فونز کا متبادل ثابت ہوں گے۔

اب اسمارٹ فونز کا عہد ختم ہوگا یا نہیں، اس کا فیصلہ تو مستقبل میں ہوگا۔

مگر جولائی 2024 میں مارک زکربرگ نے ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ ہر فرد کی آنکھوں پر اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ گلاسز ہوں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمارٹ گلاسز کا استعمال ایک نیا ٹرینڈ بن جائے گا۔

مارک زکربرگ نے بتایا کہ ہمارے خیال میں مستقبل میں مختلف قیمتوں اور مختلف ٹیکنالوجیز سے لیس اسمارٹ گلاسز تیار ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال میں اے آئی گلاسز کم قیمت میں دستیاب ہوں گے اور کروڑوں یا اربوں افراد انہیں استعمال کریں گے'۔

مارک زکربرگ ایسے اسمارٹ گلاسز تیار کرنا چاہتے ہیں جو ہولوگرافک ڈسپلے کو ان ایبل کرسکیں۔

ان گلاسز میں کیمرا سنسرز بھی ہوں گے تاکہ لوگ تصاویر ریکارڈ کرسکیں، انسٹا گرام پر لائیو اسٹریم کرسکیں یا واٹس ایپ پر ویڈیو کالز کرسکیں۔