55

سفید بال سیاہ کرنے کا جدید طبی علاج دریافت

نوجوانی ہی میں سفید بالوں سے پریشان لاکھوں مرد و خواتین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ چین کے یوئی یانگ (Yueyang) اسپتال شنگھائی کے ماہرین نے طبی دنیا میں ایک نئی پیش رفت کرتے ہوئے ایسا علاج دریافت کیا ہے جس کے ذریعے سفید بال دوبارہ سیاہ کیے جا سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بالوں کے سفید ہونے کی بنیادی وجہ انسانی جلد میں موجود میلانوسائٹ (melanocyte) نامی خلیوں کا غیر متحرک ہو جانا ہے۔ یہی خلیے بالوں کو رنگ دینے والے مادے، میلانن (melanin)، کی تیاری کرتے ہیں۔ جب یہ خلیے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو بال اپنا قدرتی رنگ کھو کر سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

چینی ماہرین نے اپنی تحقیق میں حیران کن انکشاف کیا ہے کہ اگر وٹامن بی 12 کی ایک خاص قسم، ایڈینوسائل کوبالامین (adenosylcobalamin)، انجکشن کے ذریعے براہِ راست جسم میں داخل کی جائے تو یہ غیر متحرک خلیے دوبارہ سرگرم ہو جاتے ہیں۔ خلیوں کے دوبارہ فعال ہونے سے وہ میلانن پیدا کرنے لگتے ہیں اور یوں بالوں کا اصل سیاہ رنگ واپس آ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس انجکشن کا کورس تین سے چھ ماہ تک جاری رکھا جاتا ہے اور مریض کو ہر ہفتے ایک انجکشن لگایا جاتا ہے۔ تحقیق میں شریک افراد نے واضح بہتری ظاہر کی اور ان کے سفید بال دوبارہ سیاہ ہونا شروع ہو گئے۔

اس انقلابی دریافت کو ماہرین طب ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں کیونکہ اب تک دنیا بھر میں بالوں کے سفید ہونے کا کوئی مستقل اور مؤثر علاج موجود نہیں تھا۔ زیادہ تر لوگ مصنوعی رنگ اور ڈائی کے ذریعے عارضی حل تلاش کرتے تھے جو نہ صرف وقت طلب ہوتے ہیں بلکہ بالوں کو نقصان بھی پہنچاتے ہیں۔

اب اس نئی تحقیق نے نوجوانی میں قبل از وقت سفید ہونے والے بالوں کے مسئلے کو حل کرنے کی ایک عملی راہ دکھا دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مزید طبی ٹرائلز کے بعد یہ طریقۂ علاج عام لوگوں کے لیے باقاعدہ طور پر دستیاب ہوگا اور یہ لاکھوں افراد کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہو سکتا ہے۔