کینیڈا میں ایک حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص کا گمشدہ بٹوہ 51 برس بعد اچانک اسے واپس مل گیا۔
یہ واقعہ اونٹاریو کے اسٹونی کریک آرچڈ پارک سیکنڈری اسکول میں پیش آیا، جہاں 26 اگست 2025 کوتعمیراتی کارکن اسکول کے ٹوائلٹ کو گرا رہے تھے، انہی کے ہاتھوں دیوارکے پیچھے چھپا ہوا ایک بٹوہ دریافت ہوا۔
یہ بٹوہ 1974 میں ٹام اسکوف نامی طالبعلم کا گم ہوگیا تھا، جب وہ 17 برس کے تھے، بٹوے میں انکا اسٹوڈنٹ کارڈ، ڈرائیورلائسنس، سوشل انشورنس کارڈ، خاندان اوردوستوں کی تصاویرایک ہاکی میچ کا ٹکٹ اوردیگرذاتی اشیاء موجود تھیں۔
اسکول کی کیئر ٹیکرلورنا میک کوئن نے اسے ایک تاریخی دریافت قراردیتے ہوئے، فیس بک کے ذریعے ٹام اسکوف کو تلاش کیا، 67 سالہ ٹام نے ابتدا میں اسے مذاق سمجھا لیکن بعد میں تصدیق کے بعد اسکول کا دورہ کیا اور بٹوہ وصول کیا۔
ٹام اسکوف نے بتایا کہ انہیں یاد بھی نہیں تھا کہ بٹوہ کھو گیا تھا، لیکن اس میں موجود تصاویراوراشیاء نے انہیں انکے نوجوان دنوں کی یاد دلا دی، انکی والدہ، جو اب بھی اسی گھر میں مقیم ہیں، بٹوے میں موجود گھرکی تصویردیکھ کر ہنس پڑیں۔
بٹوے کی طویل گمشدگی کی ممکنہ وجہ یہ سمجھی جا رہی ہے کہ کسی نے اسے چوری کرکے رقم نکالی اوردیوار کے پیچھے چھپا دیا، جہاں وہ 51 برس تک محفوظ رہا۔









