113

وہ عام عادت جو خاموشی سے جوڑوں کو کمزور کر دیتی ہے

ایسا ثابت ہوچکا ہے کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے، مگر پھر بھی زیادہ تر افراد ایسا کرتے ہیں۔

اب یہ ایک عام سماجی عادت بن چکی ہے کیونکہ عام طور پر ملازمت کے دوران لوگوں کو گھنٹوں بیٹھ کر گزارنا پڑتے ہیں۔

اسی طرح دفاتر یا دکانوں پر جانے کے لیے بھی گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر میلوں طویل سفر کرنا ہوتا ہے، تو چہل قدمی کرنا بھی ممکن نہیں ہوتا۔

مگر صرف زیادہ وقت تک بیٹھ کر گزارنا ہی مسئلہ نہیں بلکہ ایک ہی پوزیشن میں بہت زیادہ وقت تک بیٹھنا بھی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

ایک ہی پوزیشن میں بیٹھے رہنے سے جوڑ سخت ہوتے ہیں جبکہ چلنے پھرنے میں مشکلات بڑھتی ہیں اور بتدریج جوڑوں کی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے۔

بیٹھنے سے صحت کو ہونے والے منفی اثرات سے بچنے کے لیے مختلف پوزیشنز میں بیٹھنا چاہیے جیسے فرش پر بیٹھ جانا یا کرسی پر ہی کسی مختلف انداز سے بیٹھ جانا۔

ماہرین طب کے مطابق فرش پر بیٹھنے یا کرسی سے اٹھ کر کچھ وقت تک چلنے سے جوڑوں کی تکلیف سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فرش پر پیٹ کے بل لیٹنے سے دن بھر جوڑوں میں آنے والی سختی کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کرسی سے اٹھ کر فرش پر بیٹھ جانے سے جوڑوں کی صحت کو جانچنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ ایسا کرنے کے لیے جسم کے ہر جوڑ کو استعمال کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرش سے کسی سہارے کے بغیر اٹھنا بھی اچھی جسمانی فٹنس کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جسمانی سرگرمیوں کی مختلف اقسام کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

اگر آپ دن کا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں اور فرش پر بیٹھنا پسند نہیں کرتے تو بہتر ہے کہ کچھ وقت کے لیے اٹھ کر کھڑے ہو جائیں یا بیٹھنے کا انداز ہی بدل لیں۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔