138

بچوں کی تربیت کیلئے 800 کلومیٹر کا پیدل سفر، ایک باپ کی بے مثال قربانی

جنوبی چین سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی 10 سالہ بیٹی اور 8 سالہ بیٹے کے ساتھ 800 کلومیٹر تک پیدل سفر کیا تاکہ انہیں سخت جان بناسکے۔

وو نامی شخص اور دونوں بچوں نے اس سفر کا آغاز  17 جولائی کو جنوبی چین کے صوبے شینزن کے ضلع Baoan سے کیا۔

یہ سفر ایک مہینے تک جاری رہا اور 17 اگست کو چینی صوبے ہونان کے علاقے Changsha میں ختم ہوا۔

وو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'مجھے توقع نہیں تھی کہ میرے بچے آخر تک سفر کرسکیں گے، مجھے ان پر فخر ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے ڈرائیونگ اسکول کے کام میں مصروف رہتے ہیں اور اس سفر کا فیصلہ بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کیا۔

2 سال قبل بھی انہوں نے ہونان میں اپنے آبائی قصبے میں پیدل چل کر جانے کی منصوبہ بندی کی تھی مگر پھر منسوخ کر دیا کیونکہ اس وقت بچے کافی چھوٹے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں اس سفر کے ذریعے ان کے ذہنوں کو مضبوط بنانا چاہتا ہوں، میرے بچے بہت آسانی سے ہار مان لیتے ہیں اور چیلنجز سے گھبراتے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ مستقل مزاج بنیں اور ہر کام مکمل کرنے کی عادت اپنائیں'۔

اس سفر کے لیے وو نے 10 کلو سامان خود اٹھایا جبکہ ہر بچے نے 5 کلو وزنی بیگ کو کمر پر لٹکایا۔

روزانہ وہ اوسطاً 23 کلومیٹر تک پیدل چلتے تھے۔

وو نے بتایا کہ 'جب میں دیکھتا کہ وہ تھک گئے ہیں تو میں انہیں کہتا تھا کہ وہ اپنے باپ سے زیادہ مضبوط ہیں، تو وہ جتنا زیادہ پیدل چلتے، اتنا زیادہ کامیابی کا احساس انہیں ہوتا'۔

ان کا کہنا تھا کہ پیدل چلنے سے بچوں کے پیر متاثر نہیں ہوئے بلکہ ان کے اپنے پیروں پر آبلے پڑ گئے۔

انہوں نے بچوں سے روزانہ کے اخراجات کا تخمینہ بھی لگوایا تھا اور اگر کسی روز خرچہ طے شدہ رقم سے زیادہ ہوتا تو پھر بچوں کو اپنے جیب خرچ سے اسے پورا کرنا پڑتا۔

17 اگست کی شب ڈیڑھ بجے وہ Changsha ریلوے اسٹیشن پر پہنچے جہاں وو کی اہلیہ وانگ ان کی منتظر تھیں۔

وانگ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'پہلے تو میں اس سفر کے منصوبے پر راضی نہیں ہوئی تھی، جولائی میں موسم بہت گرم ہوتا ہے اور دیگر چیلنجز کا بھی سامنا ہوتا ہے، مگر وہ تینوں راضی ہوگئے تو میں نے بھی ہاں کہہ دی، مگر ہر دن میں ان کے لیے فکرمند رہتی تھی'۔