104

مایونیز نہ ملنے پر کیفے کو آگ لگانے والا گاہک گرفتار

اسپین کے ایک کیفے میں گاہک نے مایونیز نہ ملنے پر کیفے کو ہی آگ لگادی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ  واقعہ شہر لاس پیلاشیوس میں پیش آیا جہاں ایک 50 سالہ گاہک نے مایونیز نہ ملنے پر کیفے کو آگ لگا دی۔

رپورٹ کے مطابق گاہک نے دو مرتبہ مایونیز مانگا لیکن عملے نے بتایا کہ ان کے پاس نہیں ہے،  غصے میں آپے سے باہر ہوکر  وہ شخص باہر گیا اور قریبی پیٹرول اسٹیشن سے لیٹر تیل لے آیا۔

 اس شخص نے کیفے پر تیل ڈالا اور آگ لگادی جس سے ریسٹورینٹ میں موجود لوگ خوفزدہ ہوگئے اور بھاگ گئے تاہم عملے نے فوری طور پر آگ پر قابو پایا۔

رپورٹس کے مطابق  واقعے میں  ملزم خود ہی زخمی ہوا جس کا ہاتھ جھلس گیا جب کہ دیگر افراد محفوظ رہے۔

رپورٹ کے مطابق کیفے کو تقریباً 7 ہزار یورو کا نقصان پہنچا۔ 

دوسری جانب کیفے کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی عجیب تھا اور گاہک کے اس رویے کی کوئی وضاحت ان کے پاس موجود نہیں ہے۔