واٹس ایپ میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو بہت حد تک وائس میلز جیسا محسوس ہوتا ہے۔
کچھ عرصے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ واٹس ایپ میں ایک ایسے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جو صارفین کو ان کالز کی یاد دہانی کرائے گا جو وہ کسی وجہ سے سن نہیں سکے تھے۔
اب WABetaInfo کی ایک رپورٹ میں مس کالز کے لیے وائس کالز جیسے فیچر کی آزمائش کے بارے میں بتایا گیا۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں دیکھنے میں آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جب آپ کسی فرد کو واٹس ایپ کال کریں گے اور وہ اسے اٹھائے گا نہیں تو میسجنگ ایپ میں ریکارڈ وائس میسج کا شارٹ کٹ کال اگین اور کینسل بٹنوں کے ساتھ نظر آئے گا۔
یہ آپشن اس فرد کے ساتھ چیٹ کے دوران بھی نظر آئے گا۔
اس شارٹ کٹ سے آپ اس فرد کو فوری آڈیو میسجز بھیج سکیں گے جس نے کال پر جواب نہ دیا ہو۔
ویسے تو واٹس ایپ میں وائس نوٹ ریکارڈ کرنے کا آپشن پہلے سے موجود ہے مگر اس نئے شارٹ کٹ سے وائس میسجز بھیجنے کا عمل زیادہ آسان ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے، ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔








