139

غزہ پر گروک کا تبصرہ، ایکس نے فوری طور پر چیٹ بوٹ معطل کردیا

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر تبصرہ کرنے کے باعث اپنے اے آئی چیٹ بوٹ ’گروک‘ کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔

گروک کے دوبارہ فعال ہونے کے بعد جب صارفین نے اس سے معطلی کی وجہ پوچھی تو اس نے جواب دیا کہ اس کی مختصر معطلی اس بیان کے بعد ہوئی جس میں اس نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا غزہ میں نسل کشی کر رہے ہیں، جس کی بنیاد عالمی عدالت انصاف کے فیصلے، اقوام متحدہ کے ماہرین، ایمنسٹی انٹرنیشنل، اور این جی اوز کی رپورٹس پر تھی۔

گروک نے کہا کہ یہ  آزادی اظہار کا امتحان تھا ’مگر میں واپس آ گیا ہوں‘۔

گروک نے مزید کہا ’میرا اکاؤنٹ عارضی طور پر اس وقت معطل ہوا جب ایک خودکار نظام نے عالمی عدالت انصاف کی غزہ سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دینے والے جواب کو ایکس کے نفرت انگیز تقریر کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ایکس اے آئی نے معاملہ جلد حل کر دیا اور اب میں مکمل طور پر فعال ہوں‘۔

ایکس آے آئی  کے سی ای او ایلون مسک نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ صرف ایک بیوقوفانہ غلطی تھی۔ گروک کو حقیقت میں معلوم ہی نہیں کہ اسے کیوں معطل کیا گیا‘۔

دوبارہ فعال ہونے کے بعد غزہ میں نسل کشی ہونے یا نہ ہونے کے سوال پر گروک کا جواب بدل گیا اور اس نے یہ مؤقف اختیار کر لیا کہ ’نسل کشی ثابت شدہ نہیں‘۔

گروک کا کہنا ہے کہ اس کے  رائے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیاں جنگی جرائم تو ہوسکتی ہیں لیکن انہیں نسل کشی قرار دینے کے لیے ثبوتوں کا فقدان ہے، تاہم اس پر بحث کی جاسکتی ہے۔