139

کیا آپ فرنچ فرائز کھانے کے یہ نقصان جانتے ہیں؟

ہارورڈ یونیورسٹی کی نئی تحقیق کے مطابق، ہفتے میں صرف تین بار فرنچ فرائز کھانے سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، جبکہ اُبلے، بیک کیے گئے یا میش کیے گئے آلو اس خطرے کا باعث نہیں بنتے۔

یہ تحقیق برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی، جس میں 30 سال سے زائد عرصے کے دوران 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کے غذائی معمولات اور صحت کے ریکارڈز کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر سید محمد موسوی اور معروف غذائی ماہر ڈاکٹر والٹر وِلٹ نے واضح کیا کہ آلو کی تیاری کا طریقہ اس کے صحت پر اثرات کا تعین کرتا ہے۔ فرنچ فرائز کو تیز درجہ حرارت پر غیر صحت مند تیل میں فرائی کرنے سے نقصان دہ مرکبات پیدا ہوتے ہیں، جبکہ اُبالنے یا بیک کرنے سے غذائیت برقرار رہتی ہے۔

ڈاکٹر موسوی کے مطابق:"فرنچ فرائز کو مکمل اناج سے بدلنے سے ذیابیطس کا خطرہ 19 فیصد تک کم ہو سکتا ہے، لیکن انہیں کسی اور فرائیڈ فوڈ سے بدلنے کا کوئی فائدہ نہیں۔"

امریکن ڈایابیٹیز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ فرنچ فرائز میں اکثر ٹرانس فیٹس شامل ہوتے ہیں، جو دل کی بیماری اور فالج کے خطرات کو بھی بڑھاتے ہیں۔

دوسری جانب، فزیشنز کمیٹی فار ریسپانسبل میڈیسن کی ڈاکٹر ہنّا کہلیووا نے بتایا کہ اُبلے ہوئے آلو وزن کم کرنے اور ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، جیسا کہ ایران، فن لینڈ اور نیدرلینڈز کی تحقیق سے ظاہر ہوا۔

تحقیق میں شامل دو میٹا اینالائسز، جن میں 5 لاکھ سے زائد افراد اور 43 ہزار ذیابیطس کیسز شامل تھے، اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ خوراک کی تیاری کا طریقہ اس کی غذائی قدر سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔