: ہالی ووڈ اداکارہ اور مشہور ڈرامہ سیریز دی واکنگ ڈیڈ میں "ایڈی" کا کردار ادا کرنے والی کیلی میک 33 برس کی عمر میں نایاب اور جارحانہ کینسر سے لڑتے ہوئے انتقال کر گئیں۔
ان کے اہل خانہ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ کیلی کا انتقال ان کے آبائی شہر سنسی نٹی، اوہائیو میں ہوا۔ اداکارہ ایک خطرناک نیورولوجیکل کینسر Astrocytoma کا شکار تھیں، جو اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے۔
کیلی میک نے رواں سال کے آغاز میں اس بیماری کی تشخیص کے بعد مداحوں کو باخبر رکھا۔ ابتدائی طور پر انھیں کمر درد کی شکایت تھی جسے سلپ ڈسک سمجھا گیا، مگر جب درد ٹانگوں تک بڑھا تو ایم آر آئی میں ٹیومر کا انکشاف ہوا۔
بایوپسی کے بعد وہ وہیل چیئر اور واکر کی محتاج ہو گئیں، لیکن علاج کے دوران بھی وہ حوصلہ مند اور پُرامید رہیں۔ وہ انڈی فلموں میں کام جاری رکھے ہوئے تھیں، جن میں ان کی حالیہ فلم Universal شامل ہے۔
کیلی میک کے اہلِ خانہ نے انھیں “ایک روشن اور جوش سے بھری ہوئی روشنی” قرار دیا، جنہوں نے ہر دل کو چھوا۔
مرحومہ اپنے والدین کرسٹن اور لنڈسے کلبینو، اور بہن بھائی کیتھرین اور پارکر کی یادیں چھوڑ گئی ہیں۔









