153

نئی ایپ نے مقبولیت میں سب کو مات دے دی، حیران کن اعداد و شمار

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

حیران کن طور پر یہ اے آئی چیٹ ٹول پاکستان میں فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور ایکس (ٹوئٹر) جیسے مقبول سوشل میڈیا نیٹ ورکس سے زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ نومبر 2022 میں متعارف ہونے کے بعد سے کروڑوں افراد روزانہ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرتے ہیں۔

اوپن اے آئی کی جانب سے 5 اگست 2025 کو جاری بیان کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کو ہر ہفتے استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 70 کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

مارچ 2025 میں چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کی تعداد 50 کروڑ تک پہنچی تھی، یعنی 4 ماہ کے دوران مزید 20 کروڑ صارفین کا اضافہ ہوا۔

انٹرنیٹ سروسز اور ویب سائٹس کی رینکنگ کرنے والی سروس similarweb کی فہرست میں پاکستان میں مقبول ترین سائٹس کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

اس فہرست کے مطابق پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کے لیے مقبول ترین ویب سائٹس میں چیٹ جی پی ٹی تیسرے نمبر پر ہے۔

اس سے عندیہ ملتا ہے کہ پاکستان میں بھی انٹرنیٹ صارفین اے آئی چیٹ بوٹ کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں یا اس کے بارے میں تجسس رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرنے والے افراد آسانی سے مطلوبہ تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں، مضامین لکھوا سکتے ہیں اور بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں فیس بک چوتھے، انسٹا گرام چھٹے، ایکس 7 ویں جبکہ ٹک ٹاک 10 ویں نمبر پر ہے۔

Similarweb کے ڈیٹا کے مطابق عالمی سطح پر اوپن اے آئی کی ویب سائٹ 5 ویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور عالمی سطح کا یہ ڈیٹا جون 2025 کا ہے۔