بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی ٹیسٹ کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگی ہیں۔ مسلسل فٹنس مسائل اور حالیہ ناقص کارکردگی نے ان خبروں کو مزید تقویت دی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں بمراہ نے 33 اوورز کرائے لیکن صرف دو وکٹیں حاصل کر سکے، جبکہ ان کی بولنگ کی رفتار بھی معمول سے کم رہی — میچ کے دوران صرف ایک مرتبہ وہ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ پائے۔
بمراہ کی فٹنس پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جا رہے تھے، اور ٹیم مینجمنٹ نے ان کے محدود استعمال کا عندیہ دیا تھا۔ مگر سیریز کی اہمیت کے پیش نظر انہیں آرام دینے کے بجائے میدان میں اتارا گیا، جہاں وہ معمولی انجری کا شکار بھی دکھائی دیے۔ سابق بھارتی کھلاڑی محمد کیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ممکن ہے بمراہ آئندہ ٹیسٹ میچز میں حصہ نہ لیں۔ ان کے مطابق بمراہ ایک خوددار کھلاڑی ہیں، اگر وہ محسوس کریں کہ اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کارکردگی نہیں دکھا سکتے، تو ممکن ہے وہ خود ہی ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دیں۔









