ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ایشیا کپ 2025 کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا تفصیلی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا، جس میں میچز کی تاریخیں اور مقامات شامل ہوں گے۔
اس سے قبل ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ نے رپورٹ کیا تھا کہ ایشیا کپ سے متعلق تمام معاملات طے پا چکے ہیں، اور شیڈول آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں منظر عام پر آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، ACC کے حالیہ اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔ اس اجلاس میں ایشیا کپ کی مجوزہ ونڈو 10 سے 28 ستمبر کے درمیان رکھی گئی ہے، جس میں کل 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی ابتدائی طور پر بھارت کو دی گئی تھی، لیکن سیاسی کشیدگی اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے بعد، پاکستان نے بھی بھارت جانے سے انکار کر دیا تھا۔ اس صورتحال کے پیش نظر، ٹورنامنٹ کو غیر جانبدار مقام یعنی UAE منتقل کر دیا گیا۔









