279

بنگلا دیش نے سری لنکا میں پہلی ٹی20 سیریز جیت کر نیا سنگ میل عبور کیا

بنگلا دیش نے سری لنکا میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار آئی لینڈ میں ٹی 20 سیریز جیتنے کا کارنامہ سرانجام دے دیا۔
 

بنگلا دیش نے کولمبو میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، یہ پہلا موقع ہے جب بنگلا دیش نے سری لنکا میں کوئی سیریز جیتی ہے۔

مہمان ٹیم کی 133 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ پہلی ہی گیند پر گر گئی، جب تھشارا کی گیند پر پرویز حسین کو ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا، اس موقع پر دوسرے اوپنر تنزید حسن اور کپتان لٹن داس نے مجموعی سکور کو 74 تک پہنچایا، لٹن داس 32 کے انفرادی اسکور پر مینڈس کی وکٹ بنے،  انہوں نے 26 بالز کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور 2 چوکے لگائے۔

 تنزید نے توحید ہریدوئے کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، آئی لینڈرز نے اس جوڑی کو توڑنے کی سر توڑ کوشش کی مگر کامیابی نہیں ملی، تنزید اور توحید نے ٹیم کو 16.3 اوورز میں منزل پر پہنچا دیا، تنزید نے 47 بولز پر ناقابل شکست 73 رنز بنائے، جس میں 6 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا، توحید 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔

اس سے قبل سری لنکن ٹیم 7 وکٹوں پر 132 رنز بنا سکی تھی، ڈاسن شناکا 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اوپنر پاتھم نسانکا نے 46 رنز کی اننگز کھیلی، کمندو مینڈس 21 رنز بناکر دوہرے ہندسے میں داخل ہونے والے تیسرے کرکٹر ثابت ہوئے، باقی کوئی 7 رنز سے آگے نہیں بڑھا۔

بنگلا دیش کی جانب سے 4 وکٹیں حاصل کرنے والے مہدی حسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ لٹن داس 3 میچز میں 114 رنز بنانے کی وجہ سے مین آف دی سیریز قرار پائے۔