گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ اور کروم آپریٹنگ سسٹم کو یکجا کرنے پر کام کیا جار ہا ہے۔
اس سے اینڈرائیڈ یا کروم او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کی زندگی آسان ہو جائے گی۔
گوگل میں اینڈرائیڈ ایکو سسٹم کے صدر Sameer Samat نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ہم کروم او ایس اور اینڈرائیڈ یکجا کر کے ایک سنگل پلیٹ فارم کو تشکیل دے رہے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں بتایا کہ ہم کروم او ایس کے تجربے کو اینڈرائیڈ کا حصہ بنانے جا رہے ہیں تاکہ ڈیوائسز کی کارکردگی اور اسپیڈ بہتر ہو جائے جبکہ لیپ ٹاپ یا فون زیادہ بہتر کام کرنے لگے۔
انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کب ان سسٹمز کو یکجا کیا جائے گا، البتہ ایکس پوسٹ میں یہ ضرور بتایا کہ اس حوالے سے گزشتہ سال سے کام کیا جا رہا ہے۔
یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب گوگل نے کچھ عرصے قبل اینڈرائیڈ 16 کو جاری کیا گیا جس میں میٹریل 3 ایکسپریسیو ڈیزائن کو شامل کیا گیا ہے۔
Sameer Samat نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ یہ 3 یا 4 سال میں اینڈرائیڈ ڈیزائن میں کی جانے والی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔
اینڈرائیڈ موبائل آپریٹنگ سسٹم کو 2008 میں متعارف کرایا گیا تھا اور یہ اس وقت فونز میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا آپریٹنگ سسٹم ہے۔
کروم او ایس کو گوگل کی جانب سے 2011 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق ان دونوں کو مدغم کرنے سے ان کے وسائل کو تمام ڈیوائسز میں استعمال کیا جاسکے گا۔








