197

بابا وانگا کی پیشگوئی یا محض اتفاق؟ سائنسی ماہرین کا مؤقف سامنے آ گیا

جاپان میں 5 جولائی کو ایک شدت آمیز زلزلے اور سونامی آنے سے متعلق جاپانی بابا وانگا کی پیشگوئی سامنے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق 2021 میں شائع ہونے والی مانگا ناول ”The Future I Saw“ کی مصنفہ ریو تاتسوکیجو نیو بابا وانگا کے نام سے مشہور ہیں، نے انتباہ دیا ہے کہ بحر الکاہل کے ممالک پر ایک خوفناک سونامی آئے گا، اس پیشگوئی نے وسیع پیمانے پر خوف و ہراس پھیلایا ہے اور بعض عقیدت مند سیاحوں میں جاپان کے سفر کو لے کر خدشات پیدا کر دیئے ہیں۔

ٹائم میگزین کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ تاتسوکی نے اپنے پبلشر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ وہ دعوے دار تو نہیں، ممکن ہے کہ بڑا زلزلہ واقع نہ ہو، مگر انہوں نے اپنی بات مکمل طور پر واپس لینے سے انکار کیا ہے۔

زلزلہ کی پیشگوئی کو سائنسدان نا ممکن قرار دیتے ہیں تاہم تاتسوکی کے مداح ان کی باتوں پر یقین کرتے ہیں کیونکہ وہ 2011 میں آنے والے توہوکو زلزلہ اور سونامی کی تباہ کاریوں کی پیش گوئی کرنے والی مانی جاتی ہیں، جس میں تقریباً 20 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جاپانی حکام اور سائنسدانوں نے جاپانی بابا وانگا کی اس پیش گوئی کو بے بنیاد قرار دیا ہے، اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔ ماہرین کا اتفاق ہے کہ قدرتی آفات کی پیش گوئی ابھی تک ایک ناممکن کام ہے، اور فیصلے سائنس کی بنیاد پر ہی کیے جانے چاہئیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پیش گوئیوں کو سنجیدگی سے نہ لیں کیونکہ اس پیشگوئی کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔