بھارتی ریاست بہار کے ضلر اورنگ آباد میں نئی نویلی دلہن نے اپنے چچا سے شادی کرنے کیلئے دولہے کو قتل کر دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق 25 سالہ دلہن گونجا دیوی کی شادی 45 روز قبل پریانشو نامی نوجوان سے ہوئی تھی جسے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے قتل کروایا گیا،پولیس حکام نے بتایا کہ دلہن گونجا دیوی نے اپنے 55 سالہ چچا جیون سنگھ کے ذریعے دولہے پریانشو کو قتل کروایا اس کیلئے ملزموں نے شوٹرز کی خدمات حاصل کی تھیں۔
بعدازاں پولیس نے گونجا دیوی کو دو شوٹرز کے ہمراہ گرفتار کر لیا جبکہ چچا جیون سنگھ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار ےجارہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گونجا دیوی اور جیون سنگھ ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے لیکن گھر والوں نے زبردستی اس کی شادی پریانشو سے کروائی تھی، 25 جون 2025 کو پریانشو اپنی بہن سے ملنے کے بعد ٹرین سے گھر واپس آ رہا تھا، جب وہ نوی نگر اسٹیشن پہنچا تو اس نے بیوی کو فون کیا کہ مجھے لینے کیلئے کسی کو بائیک پر بھیج دو، راستے میں اسٹیشن سے گھر جاتے ہوئے اسے دو نامعلوم ملزمان نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کی تو دلہن نے گاؤں سے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس حکم نے بتایا کہ شک کی بنیاد پر گونجا دیوی اور ان کے چچا کا کال ریکارڈ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ انہوں نے پریانشو کو قتل کرنے کیلئے شوٹرز کو بھیجا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کیلئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔









