ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر میٹا نے لگ بھگ 2 سال قبل جولائی 2023 میں تھریڈز کو متعارف کرایا تھا۔
مگر اب جاکر تھریڈز میں ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایم) فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے یعنی لوگ اس میں ایک دوسرے سے چیٹ کرسکیں گے۔
اس فیچر کا عندیہ جون 2025 میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اسے بیٹا (beta) ورژن میں جاری کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تھریڈز میں ڈی ایم کی آزمائش کی جا رہی ہے، اگر آپ کو اس تک رسائی حاصل ہے تو اسے استعمال کرکے دیکھیں۔
اب میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس فیچر کو عالمی سطح پر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اگر ابھی یہ فیچر آپ کو دستیاب نہیں تو فکر مت کریں جلد اسے استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
تھریڈز صارفین نیا ڈی ایم فیچر ایپ میں نیچے لفافے جیسے آئیکون کی شکل میں دیکھ سکیں گے۔
ابھی وہاں سرچ آئیکون موجود ہے مگر بہت جلد اسے ڈی ایم کے آئیکون سے بدل دیا جائے گا جبکہ سرچ آئیکون ایپ کے اوپر منتقل کر دیا جائے گا۔
اسی طرح صارف کے پاس کنٹرول ہوگا کہ وہ کس فرد کو میسج کرنے کی اجازت دیتا ہے جبکہ تھریڈز کی جانب سے ایک نیا ہائی لائٹس نامی فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے لوگوں کو علم ہوگا کہ کونسا موضوع اس وقت ٹرینڈنگ ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ تھریڈز صارفین کی جانب سے درخواست کی گئ تھی کہ ایسا ذریعہ فراہم کیا جائے گا جس سے ان کی بات چیت مسلسل جاری رہ سکے۔








