آسٹریلیا کے اسپنر نیتھن لیون نے آسٹریلوی ٹیم کے سانگ ماسٹر سے ریٹائرمنٹ لے لی اور جانشین کی بھی نشاندہی کر دی۔
خیال رہے کہ نیتھن لیون آسٹریلیا کے وکٹری سونگ کو لیڈ کرتے تھے مگر اب انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں جشن کی قیادت کی ذمہ داری چھوڑ دی۔
میچ جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم باقاعدہ ایک جشن کرتی ہے جس کی قیادت نیتھن لیون کر رہے تھے۔ انہوں نے جشن منانے کی قیادت ایلکس کیری کو سونپ دی ہے البتہ ان کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
اس بارے میں نیتھن لیون نے کہا کہ ٹیم کا گانا اور جشن لیڈ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات رہی ہے مگر جشن کی ذمہ داری سے سبکدوش ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ میں کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ایلکس کیری ایک بہترین امیدوار ہیں، ارادہ تھا کہ اگر آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتتا تو یہ ذمہ داری کسی اور کو دیتا مگر اب ویسٹ انڈیز سیریز میں یہ فیصلہ کیا ہے۔
نیتھن لیون کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں بھارت اور انگلینڈ میں جیتنا چاہتا ہوں، ابھی ایک اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے کا ارادہ ہے۔
یاد رہے کہ نیتھن لیون 138 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں اور وکٹری سونگ ماسٹر کا کردار 12 برس سے زائد عرصے سے نبھا رہے ہیں۔ نیتھن لیون نے یہ ذمہ داری مائیک ہسی سے لی جنہوں نے 67 ٹیسٹ میچز میں لیڈ کیا۔









