106

سندھ اور خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس سے اموات بڑھنے لگیں، مجموعی ہلاکتیں 5 ہو گئیں

صوبہ سندھ میں کانگو وائرس سے ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا۔ ابراہیم حیدری سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ ماہی گیر محمد زبیر دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق محمد زبیر کو 16 جون کو جناح اسپتال لایا گیا جہاں کانگو وائرس کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ طبی سہولیات نہ ہونے پر اُسے سندھ انفیکشس ڈیزیز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 19 جون کی صبح انتقال کر گیا۔

صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں سرچ اور رسپانس ٹیم بھیج دی گئی ہے۔ مریض سے رابطے میں آنے والے افراد کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے، تاہم کسی میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں کانگو وائرس سے متاثرہ دو افراد حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں دم توڑ گئے۔ مشیر صحت احتشام علی کے مطابق اب تک صوبے میں کانگو وائرس سے تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام اسپتالوں کو ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے اور کانگو کے مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈز مختص کر دیے گئے ہیں۔