کراچی کے علاقے ملیر میں کانگو وائرس سے متاثرہ 42 سالہ شخص دم توڑ گیا۔ صوبائی محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ یہ سندھ میں رواں برس کا پہلا کیس ہے جس میں مریض کی جان گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مریض میں 16 جون کو کریمن کانگو ہیمرجک فیور کی علامات ظاہر ہوئیں، تاہم انفیکشن تیزی سے بڑھا اور صرف ایک دن بعد وہ چل بسا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ وائرس جانوروں پر موجود چیچڑ کے ذریعے انسانوں تک منتقل ہوتا ہے، اور خاص طور پر قربانی کے سیزن میں اس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ عوام کو جانوروں سے فاصلہ رکھنے، دستانوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق بروقت علاج اور علامات کی فوری تشخیص سے جان بچائی جا سکتی ہے، اس لیے تیز بخار یا جسمانی کمزوری کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔









