15

غزہ میں امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی حملے، 60 فلسطینی شہید

قاہرہ / غزہ – بدھ کے روز اسرائیلی زمینی اور فضائی کارروائیوں میں کم از کم 60 فلسطینی شہید ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں زیادہ تر وہ افراد شامل تھے جو خوراک حاصل کرنے کے لیے امدادی مرکز کے قریب جمع تھے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق نیٹزاریم کے قریب امریکی و اسرائیلی حمایت یافتہ تنظیم غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کے امدادی مرکز کے پاس 25 افراد شہید ہوئے۔ ناصر اسپتال کے مطابق رافح میں ایک اور امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے مزید 14 شہری جاں بحق ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مشتبہ افراد پر "وارننگ فائر" کیا گیا کیونکہ وہ ممکنہ خطرہ تصور کیے جا رہے تھے۔

GHF نے حملوں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ امداد کی ترسیل کے راستوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ تنظیم کے مطابق اب تک 16 ملین کھانے کے پیکٹ غزہ میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

اقوام متحدہ نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے GHF کے ذریعے امداد پہنچانے سے انکار کر دیا ہے اور اسے انسانی امداد کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

دریں اثنا، فرانسیسی تنظیم "Medecins du Monde" نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی ڈرون حملے میں ان کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا، جس میں آٹھ افراد شہید ہوئے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ دفتر کا مقام پہلے سے اسرائیلی فوج کو آگاہ کر دیا گیا تھا اور یہ "ڈی کنفلکٹڈ" علاقہ تھا۔