پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثانیہ سعید ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے بہیمانہ قتل پر گفتگو کے دوران جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے صنفی تشدد، خواتین کے خلاف امتیازی سلوک اور مسلسل ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ثانیہ سعید نے کہا کہ وہ ہر روز خواتین کے قتل کی خبریں سن کر جاگتی ہیں، اور یہ بات دل دہلا دینے والی ہے کہ ثنا یوسف جیسی معصوم لڑکی جو کسی تنازع میں ملوث نہیں تھی، اسے بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ ظلم کو معمول بنا چکا ہے، اور یہ سب انتہائی خطرناک سمت کی نشاندہی کرتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ جب خواتین 'میرا جسم، میری مرضی' جیسے نعرے لگاتی ہیں تو وہ کسی بے راہ روی کا نہیں بلکہ انصاف اور اختیار کے حق کی بات ہوتی ہے۔ ثانیہ نے مردوں کی جذباتی ناپختگی کو بھی ان جرائم کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے معاشرتی رویوں کو بدلنے اور خواتین کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔