11

منڈی بہاءالدین: سفاک ماں نے دوسری شادی کے لیے 8 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا

منڈی بہاءالدین کے علاقے مراد وال میں انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر دوسری شادی کی راہ میں بیٹی کو رکاوٹ سمجھ کر اسے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق الماس بی بی نامی خاتون نے اپنی 8 سالہ بیٹی کرن شہزادی کو ڈنڈے کے وار سے قتل کیا اور لاش کماد کی فصل میں پھینک دی۔ ابتدائی طور پر ملزمہ نے بچی کے اغوا کی جھوٹی رپورٹ درج کروائی، تاہم پولیس نے تحقیقات کے دوران اصل حقیقت سامنے لا دی۔

دورانِ تفتیش الماس بی بی نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دوبارہ شادی کرنا چاہتی تھی اور اپنی بیٹی کو اس میں رکاوٹ سمجھتی تھی۔ عید کے موقع پر مقتولہ اپنی والدہ کے ساتھ ایک قریبی رشتہ دار کے گھر آئی ہوئی تھی اور عید کے دوسرے روز لاش برآمد ہوئی۔

واقعے کی اطلاع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔