12

برطانیہ میں کووڈ-19 کی نئی قسم کے پہلے کیس کی تصدیق

برطانیہ میں کورونا وائرس کے ایک نئے ویریئنٹ NB.1.8.1 کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ یہ ویریئنٹ انگلینڈ میں ریکارڈ کیا گیا، تاہم اس کے کیسز کی تعداد فی الحال بہت کم ہے۔

ادارے کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اسکاٹ لینڈ، ویلز یا شمالی آئرلینڈ میں اس ویریئنٹ کے کتنے کیسز سامنے آئے ہیں۔ یہ نیا ویریئنٹ جنوری 2025 میں منظر عام پر آیا اور اب تک امریکہ، آسٹریلیا اور تھائی لینڈ سمیت مختلف ممالک میں اس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر گایتری امرتھالنگم نے بیان میں کہا کہ NB.1.8.1 ویریئنٹ سے دیگر ویریئنٹس کی طرح کوئی غیر معمولی یا زیادہ شدید بیماری کا خطرہ نہیں پایا گیا۔ ادارہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔