مکہ مکرمہ: سعودی عرب کی وزارتِ شماریات کے مطابق رواں سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین نے فریضۂ حج ادا کیا۔ ان میں 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج مختلف 171 ممالک سے آئے، جب کہ 1 لاکھ 66 ہزار 654 افراد سعودی عرب کے شہری یا مقیمین تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس سال حج میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین نے شرکت کی، جو کہ حج کی تاریخ میں صنفی توازن کا ایک نمایاں مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
جمعرات کے روز رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوئے جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کر کے ادا کی گئیں۔ فجر کے بعد تمام حجاج منیٰ پہنچے جہاں رمیٔ جمرات، قربانی اور احرام کھولنے کے مناسک انجام دیے گئے۔
اس سال کے خطبۂ حج میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے اتحاد اور مظلوم فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خطبہ میں کہا گیا:
"اے اللہ! فلسطینیوں کو امن عطا فرما اور دشمنوں پر انہیں غالب کر دے۔"