140

نگلیریا سے ایک اور ہلاکت، سندھ میں رواں سال دوسری موت

شہر قائد میں خطرناک دماغ خور جرثومے نگلیریا فولیری نے ایک اور جان لے لی۔ محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کی ہے کہ اورنگی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والا ایک شہری نگلیریا کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ شخص کو 28 مئی 2025 کو نگلیریا کی ابتدائی علامات ظاہر ہوئیں، جس پر اُسے 30 مئی کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم حالت میں بہتری نہ آنے پر 2 جون کو کیے گئے ٹیسٹ میں نگلیریا فولیری کی تصدیق ہوئی، اور دو روز بعد مریض انتقال کر گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں برس سندھ میں نگلیریا سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہو چکی ہے، اور دونوں مریضوں کا تعلق کراچی سے تھا۔

محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صاف پانی کے استعمال کو یقینی بنائیں اور بالخصوص ناک میں پانی جانے سے اجتناب کریں۔