51

ٹام کروز کی مبینہ گرل فرینڈ کا پاکستان کیلئے خصوصی ویڈیو پیغام

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ آنا ڈی آرماس نے اپنی نئی ایکشن فلم بیلرینا کی ریلیز سے قبل پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کے لیے ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جو ان کے مداحوں کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بنا۔

یہ فلم عالمی شہرت یافتہ جان وک فرنچائز کا حصہ ہے، جس کی اگلی قسط بیلرینا کے عنوان سے 6 جون 2025 کو دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

آنا ڈی آرماس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں وہ پاکستانی ناظرین کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہتی ہیں:
"ہیلو پاکستان، میں آنا ڈی آرماس ہوں، اور میری فلم بیلرینا، جان وک فرنچائز کی اگلی قسط ہے۔ میں بے حد منتظر ہوں کہ آپ سب یہ فلم دیکھیں۔ یہ فلم HKC انٹرٹینمنٹ کی جانب سے آپ کے لیے پیش کی گئی ہے۔"

HKC انٹرٹینمنٹ پاکستان میں ہالی ووڈ فلموں کی نمائندگی کرنے والا باضابطہ ڈسٹری بیوٹر ہے، جس نے یہ ویڈیو مداحوں تک پہنچائی۔

اگرچہ ویڈیو کو مداحوں کی بڑی تعداد نے سراہا ہے، تاہم کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اسے AI سے تیار کردہ قرار دیتے ہوئے ویڈیو کی صداقت پر سوالات بھی اٹھائے ہیں۔ اس بارے میں ابھی تک HKC یا آنا ڈی آرماس کی ٹیم کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

یاد رہے کہ آنا ڈی آرماس اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہیں، اور بیلرینا میں ان کا کردار ایک تربیت یافتہ قاتلہ کا ہے جو انتقام کی راہ پر گامزن ہے۔