پاکستان کے جیولن تھرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ 2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
جنوبی کوریا میں جاری چیمپئین شپ میں ارشد ندیم نے آخری تھرو 86.40 میٹر کی تھی جس نے انہیں گولڈ میڈل کا حقدار بنوایا، اس سے قبل 85.57 میٹر لمبی تھرو کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
ارشد ندیم کی پہلی تھرو 75.64، دوسری تھرو میں 76.80 جبکہ تیسری تھرو 85.57 میٹر رہی تھی۔
دوسرے پاکستانی جیولن تھرو اسپیشلسٹ یاسر سلطان 70.53، 74.50 میٹر کی تھرو کرسکے تھے، وہ اسوقت 7ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
پہلے راؤنڈ میں سری لنکا کے جیولن پھینکنے والے کھلاڑی ٹاپ 2 پوزیشن پر قابض تھے تاہم ارشد ندیم نے انہیں دوسرے اور تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے، جنہوں نے 81.91 اور 79.81 میٹرز کی تھرو کی تھیں۔
خیال رہے کہ گروپ اے کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے اپنی پہلی ہی کوشش میں 86.34 میٹر کی شاندار تھرو کی تھی، جو اس مرحلے کی سب سے لمبی تھرو ثابت ہوئی۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی مبارکباد:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چییئرمین محسن نقوی نے جیولن تھرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی جیت پر ان کے کوچ اور اہلخانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے آج پھر قوم کا سر فخر سے بلند کیا، انکی جیت مسلسل محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔









