284

پاکستان کی معیشت کی بحالی کی کوششیں، چین اور آئی ایم ایف سے اہم پیش رفت کی امید

واشنگٹن میں انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے چین سے 10 ارب یوان (تقریباً 1.4 ارب ڈالر) کی مالی معاونت کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو توقع ہے کہ اس سال کے آخر تک چین کی ڈومیسٹک بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کر دیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس حوالے سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے صدور کے ساتھ ہونے والی بات چیت مثبت رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کلائمیٹ فائنانسنگ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے اور توقع ہے کہ مئی کے آغاز میں 1.3 ارب ڈالر کے پروگرام کی منظوری حاصل ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ 7 ارب ڈالر کے نئے پروگرام کے پہلے جائزے کے بعد پاکستان کو مزید 1 ارب ڈالر موصول ہوں گے۔

معاشی ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں مالی سال میں شرح نمو تقریباً 3 فیصد رہنے کی توقع ہے، جب کہ اگلے مالی سال میں یہ 4 سے 5 فیصد اور پھر 6 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

پاک بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ تناؤ دونوں ملکوں کی معیشتوں کے لیے سازگار نہیں ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت صرف 1.2 ارب ڈالر تک محدود رہی تھی۔