104

تجارت میں سہولت کیلئے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم نافذ

کراچی میں تجارت کو مزید آسان بنانے کے لیے آج سے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق، 14 دسمبر کی رات 12 بجے کے بعد تمام امپورٹ گڈز ڈیکلیریشنز سینٹرل اپریزنگ یونٹ کو منتقل کر دی جائیں گی، جو کہ ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل کراچی میں قائم کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے بتایا کہ نئے سسٹم کے ذریعے کسٹمز کلیئرنس کے عمل میں تیزی آئے گی، جس سے تجارت میں آسانی پیدا ہوگی۔ یہ سسٹم جلد ہی ملک کی دیگر بندرگاہوں اور سرحدی اسٹیشنز پر بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اس کے علاوہ، کسٹمز اپریزمنٹ کے عمل کو کسٹمز کلیکٹرز کے دفاتر سے باہر منتقل کیا جائے گا، اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے لیے اہلیت کے معیار اور لائسنسنگ کے نظام میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔

چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ جمیل ناصر نے کہا کہ اس اقدام سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس افسران کے درمیان رابطوں میں کمی آئے گی، اور وزیراعظم اور چیئرمین ایف بی آر کے دیے گئے اس ٹاسک کو ہم کامیابی سے مکمل کریں گے۔