108

میکے جانے کی ضد پر شوہر نے بیوی کی ناک کاٹ دی

بھارت میں شوہر کی جانب سے بیوی پر تشدد کا ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ میں رکشا بندھن کے موقع پر اپنے میکے جانے کی ضد کرنے پر ظالم شوہر نے بیوی کی ناک کاٹ دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ راہول کمار کا اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا،بیوی رکشا بندھن کے لیے بھائی سے ملنے کے لیے میکے جانا چاہتی تھی جبکہ راہول نے اسے وہاں جانے سے روک دیا تھا۔

پولیس کے مطابق اس معاملے پر دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی، اس دوران شوہر نے غصے میں آکر بیوی کی ناک چھری سے کاٹ دی۔

واقعہ کے بعد زخمی خاتون کو لکھنؤ کے اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں اس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ شوہر سے بہت پریشان ہے اور اب وہ اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تفتیش کررہے ہیں، شوہر کے خلاف کارروائی ضرور کی جائے گی۔